جب آپ بین الاقوامی تحفظ کی درخواست دیتے ہیں تو آپ کی انگلیوں کے نشانات کے ساتھ ساتھ، آپ کے خاندان کے افراد جو 14 سال سے اوپر ہیں، کے انگلیوں کے نشانات بھی لئے جائیں گے۔ یہ انگلیوں کے نشانات یورو ڈیک، یورپی سنٹرل ڈیٹا بیس، جس کا مقصد » ڈبلن 3 » کے ضوابط لاگو کرنا ہے، میں شامل کئے جائیں گے۔
» ڈبلن 3 » کے ضوابط ہی طے کرتے ہیں کہ کون سی یورپی ریاست جو اس کے پابند ہیں، آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کی ذمہ دار ہے۔
ریاستیں جو » ڈبلن 3 » کی پابند ہیں ان میں: آسٹریا، بیلجیئم، بلغاریہ، کروشیا، سائپرس، دا چیک ری پبلک، ڈنمارک، اسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، ہنگری، آئس لینڈ، آئرلینڈ، اٹلی، لیٹویا، لیچٹیسٹائن، لیٹوانیا، لکسمبرگ، مالٹا، ناروے، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، سلوواکیہ، سلووینیا، سپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔
درخواست کی جانچ پڑتال کون سے ممالک کریں گے؟
اگر آپ تنہا نابالغ ہیں اور آپ کے خاندان کا کوئی فرد ( والدین، بہن / بھائی، انکل / آنٹی، دادا / دادی، نانا / نانی ) » ڈبلن 3 » کے کسی ملک میں قانونی طور پر موجود ہے، تو وہی ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہو گا۔
اگر آپ تنہا نابالغ ہیں اور آپ کے خاندان کا کوئی بھی فرد » ڈبلن 3 » کے کسی بھی ملک میں موجود نہیں ہے، تو آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال یونان کی جانب سے ہو گی۔
اگر آپ بالغ ہیں، جبکہ آپ کا خاندان آپ کے پیدائشی ملک میں موجود ہے، اور آپ کے خاندان کا ایک فرد » ڈبلن 3 » کے کسی ملک میں بین الاقوامی تحفظ سے مستفید ہوا ہے یا بین الاقوامی تحفظ کا درخواست گزار ہے، تو اگر آپ چاہیں تو وہ ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کی ذمہ داری لے سکتا ہے۔
خاندان کے فرد میں جیون ساتھی ( خاوند یا زوجہ ) یا شریک حیات ( کچھ ممالک میں ) اور نابالغ غیر شادی شدہ بچے شامل ہوتے ہیں۔
اگر آپ کے پاس رہائشی اجازت نامہ ہے، چاہے آپ کے رہائشی اجازت نامہ کی مدت دو سال پہلے ہی ختم ہو گئی ہو، تو » ڈبلن 3 » کا وہ ملک جس نے آپ کو رہائشی اجازت نامہ جاری کیا وہی ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہو گا ۔
اگر آپ کے پاس ویزہ ہے، چاہے اس ویزہ کی مدت چھ ماہ پہلے ہی ختم ہو گئی ہو، تب بھی » ڈبلن 3 » کا وہ ملک جس نے آپ کو ویزہ جاری کیا وہی ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہو گا۔
اگر آپ کے پاس ایک سے زائد ویزہ یا رہائشی اجازت نامہ موجود ہیں، تو آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کے لیے کون سا ملک ذمہ دار ہو گا، اس امر کا انحصار آپ کے ویزہ یا رہائشی اجازت نامہ کی معیاد ختم ہونے کی تاریخ پر ہے۔
اگر یونان داخل ہونے سے پہلے، آپ بے قاعدہ طور پر » ڈبلن 3 » کے کسی ملک میں داخل ہوئے تھے تو وہی ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہو گا، یہ ذمہ داری آپ کے بے قاعدہ داخلہ کی تاریخ کے 12 مہینے بعد ختم ہو جاتی ہے۔
ایسی صورت میں کہ، جب آپ یونان میں اپنی درخواست جمع کروانے سے پہلے » ڈبلن 3 » کے کسی ملک میں لگا تار 5 ماہ رہے ہیں تو » ڈبلن 3 » کا وہ ملک ہی آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہو گا۔
اگر آپ قانونی طور » ڈبلن 3 » کے کسی ایسے ملک میں داخل ہوئے جہاں آپ کو ویزہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں، تو وہی ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہو گا۔
اگر آپ اپنی درخواست » ڈبلن 3 » کے کسی ملک کی بین الاقوامی راہ گزر کے علاقے میں جمع کرواتے ہیں، تو وہی ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہو گا۔
اگر آپ پہلے ہی » ڈبلن 3 » کے کسی ملک میں اپنی درخواست جمع کروا چکے ہیں تو وہی ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہو گا۔
کوئی بھی » ڈبلن 3 » ملک انسانیت کی بنیاد پر آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کی ذمہ داری اٹھانے پر راضی ہو سکتا ہے ۔
اگر درج بالا صورتوں میں سے کوئی بھی صورت آپ پر لاگو نہیں ہوتی تو یونان ہی آپ کے کیس کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہے۔
اگر درج بالا صورتوں کے مطابق کوئی دوسرا » ڈبلن 3 » ملک آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کا ذمہ دار ہے اور راضی بھی ہے، تو پھر یونان میں آپ کی درخواست کو نا قابل قبول سمجھ کر مسترد کر دیا جائے گا اور درخواست کی جانچ پڑتال کی تاریخ سے عموما چھ ماہ کے عرصے کے اندر آپ کو اس ملک بھیج دیا جائے گا۔
آپ کو حق حاصل ہے کہ جو فیصلہ آپ کو موصول ہوا، اس پر لکھی گئی محدود مدت کے اندر آپ اپیل حکام کے سامنے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر سکتے ہیں۔
لازم ہے کہ، آپ اپنی اپیل علاقائی پناہ دفتر یا وہ پناہ دفتر جس نے فیصلہ جاری کیا، وہیں جمع کروائیں۔
درج بالا تمام صورتوں کی بہتر کارکردگی کے لئے، جب آپ اپنی بین الاقوامی تحفظ کی درخواست جمع کروائیں، تو پناہ دفتر کو مندرجہ ذیل معلومات ضرور فراہم کریں:
- اگر آپ کے پاس » ڈبلن 3 » کے کسی دوسرے ملک کا ویزہ موجود ہے۔
- اگر آپ کے پاس » ڈبلن 3 » کے کسی دوسرے ملک کا رہائشی اجازت نامہ موجود ہے۔
- اگر آپ » ڈبلن 3 » کے کسی دوسرے ملک کے ذریعے یونان میں بے قاعدہ طور پر داخل ہوئے۔
- اگر آپ » ڈبلن 3 » کے کسی اور ملک میں بے قاعدہ طور پر رہے اور کتنا عرصہ رہے۔
- اگر آپ کے خاندان کا کوئی فرد » ڈبلن 3 » کے کسی ملک میں قانونی طور پر موجود ہے اور اگر ایسا ہے تو ان کی اس ملک میں قانونی حیثیت کیا ہے۔
آپ کو تمام متعلقہ معلومات فراہم کرنا ہوں گی اور اگر آپ کے پاس کوئی ثبوت ہیں ( مثلا آپ کا اور آپ کے خاندان کے ان افراد کا رہائشی اجازت نامہ، اپنی خاندانی صورت حال کے متعلق کاغذات یا دیگر اسناد، ویزے، کاغذات جو » ڈبلن 3 » کے کسی دوسرے ملک میں آپ کی موجودگی کو ظاہر کرتے ہوں جیسا کہ سفری ٹکٹ، ہوٹل رسید وغیرہ ) ، تو وہ بھی فراہم کریں۔
“ ڈبلن 3 » کے ضوابط کے مطابق خاندانی ملاپ کے بارے میں مزید معلومات لنک میں موجود وزارت ہجرت اور تحفظ کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں، یہاں پر نابالغ افراد کی بہترین راہنمائی کے لئے متعلقہ سانچے بھی موجود ہیں۔
پناہ ادارے کا عمومی جائزہ 18 مختلف زبانوں میں وزارت ہجرت اور پناہ کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔
https://migration.gov.gr/en/gas/plirofories -se-18-glosses/
Last update: 11 Feb 2021