بچے اور نوجوان


اکیلے اور خاندان سے بچھڑے ہوئے بچے

وہ بچے جن کی عمر ۱۸ سال سے کم ہے اور وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ نہیں، اور نہ ان کے ساتھ کوئی ایسا شخص ہے جس کی قانون یا روایت کے تحت ذمہ داری ہے کہ بچے کا خیال رکھے، ان کے لیے عارضی سرپرست کا انتظام کیا جاتا ہے جیسے ہی یہ واضح ہو جاتا ہے کہ بچہ اکیلا ہے، اور یہ پناہ کی درخواست جمع کرنے سے پہلے کیا جاتا ہے۔

عارضی سرپرست کا فرض ہے کہ وہ سب سرکاری کاروائیوں میں بچے کے ساتھ رہے اور جب تک کہ بچے کے لیے کوئی مستقل حل نہیں مل جاتا وہ بچے کے بہتری کی لیے کام کریں۔ سرپرست  کا کام بچے کے لیے رہائش، طبی اور نفسیاتی امداد، تعلیم اور خاندان کے افراد کو ڈھونڈنے اور ان سے رابطہ کرنے میں مددر کرنا ہے۔ اکیلے بچوں کی رہائش کے لیے سربیا میں تین خاص مرکز ہیں جن میں سرکاری اور غیر سرکاری مرکز شامل ہیں، اور اس کے علاوہ بچوں کو آسایلم سینڑ میں بھی رہائش فراہم کی جا سکتی ہے۔


رہائش

اکیلے اور خاندان سے بچھڑے ہوئے بچوں کے لیے تین خاص مرکز ہیں، ان میں سے دو بلگراد میں ہیں، وودووودسکا اور جے آر ایس، اور ایک شہر نیش میں ہے۔


تعلیم

سربیا کے قانون کے تحت سب بچوں کا حق ہے کہ وہ مفت پرائمری اور سیکنڈری سکول میں تعلیم حاصل کریں۔ مہاجر بچوں کو سربیا میں آمد کے ساتھ ہی سکول میں داخل کر لیا جاتا ہے، اور سربیا میں آمد کے تین ماہ کے اندر اندر بچے کا سکول میں داخلہ ضروری ہے۔

سربیا میں تعلیم کے نظام کے تین حصے ہیں:

– پرائمری تعلیم کی مدت آٹھ سال ہے۔ یہ تعلیم مفت اور لازمی ہے۔ آٹھ جماعتوں میں اچھے نمبر حاصل کرنے والے بچوں کو پوائنٹس ملتے ہیں جن کی بنیاد پر وہ مختلف سیکنڈری سکولوں میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ پرائمری تعلیم کے اختتام پر ایک فائنل امتحان ہوتا ہے۔ پرائمری سکول اور فائنل امتحان میں حاصل کیے ہوئے پوائنٹس کی بنیاد پر بچے کسی سیکنڈری سکول میں داخلہ لیتے ہیں۔

– سیکنڈری تعلیم مفت ہے مگر لازمی نہیں۔ سیکنڈری سکول مختلف ہیں اور سیکنڈری تعلیم کی مدت تین یا چار سال ہو سکتی ہے۔ سیکنڈری تعلیم میں نمبرکالج میں داخلے کے لیے اہم ہوتے ہیں۔

– کالج میں تعلیم کی مدت چار یا اس سے زیادہ سال ہے۔  یہ تعلیم صرف میرٹ پر داخلہ لینے والے سٹوڈنٹس کے لیے مفت ہے۔ ہر کالج کا داخلہ امتحان الگ ہوتا ہے، اور اس امتحان میں نمبر سیکنڈری سکول کے نمبروں کے ساتھ ملا کر دیکھا جاتا ہے کہ میرٹ پر کس کو داخلہ دیا جا سکتا ہے۔ کالج میں داخلے کا امتحان سربین زبان میں ہے۔

سکول کی کتابیں، سکول ٹرپ اور دوسرا سامان بعض دفعہ پرائمری یا سیکنڈری سکول کی طرف سے مفت دیا جاتا ہے۔ کالج میں ایسا ممکن نہیں۔

سرکاری سکولوں کے علاوہ بچے پرائیویٹ سکول یا کالج میں بھی داخلہ لے سکتے ہیں۔ پرائیویٹ سکولوں اور کالجوں میں داخلے کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات ان سکولوں اور کالجوں سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔


سماجی امداد اور سرپرست

جیسے ہی یہ واضح ہو جاتا ہے کہ بچہ یا بچی اکیلی ہے اس کے لیے ایک سرپرست مقرر ہو جاتا ہے جس کی ذمہ داری ہے کہ بچے کا خیال رکھے، اور سب ضروری کاروائیوں میں بچے کے ساتھ رہے اور اس کی مدد کرے۔